نئی دہلی ، 4؍ ستمبر (ایس ا ونیوز؍ایجنسی) کانگریس نے اتوار کو مرکزی حکومت پر نشانہ سادھتے ہوئے کہا کہ بیروزگاری اور مہنگائی مودی سرکار کے دو بھائی ہیں۔ کانگریس پارٹی کی مہنگائی پر ہلّہ بول ریلی شروع ہونے سے پہلے راہول گاندھی نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ راجہ دوستوں کی کمائی میں مصروف ہے۔ عوام مہنگائی کا شکار ہے۔ آج لوگوں کو ضروری سامان خریدنے سے پہلے دس بار سوچنا پڑرہا ہے اور ان پریشانیوں کے لئے صرف وزیراعظم ذمہ دار ہیں۔راہول نے مزید نے کہا کہ ہم مہنگائی کے خلاف آواز بلند کرتے رہیں گے۔ اور راجہ کو سننا پڑے گا۔
بادشاہ کو سننا پڑے گا۔'
کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے بھی مہنگائی کے حوالہ سے بی جے پی اور وزیر اعظم مودی پر حملہ بولا۔ انہوں نے ٹوئٹ کیا، ’’عوام مہنگائی سے پریشان ہیں۔ لوگوں کے لئے کنبہ کی پرورش مشکل ہو گئی ہے۔ عام لوگ اپنی ضرورت کی چیز نہیں خرید پا رہے ہیں لیکن بی جے پی حکومت کو عوام کی تکلیف نظر نہیں آرہی ہے۔ وزیر اعظم صاحب، آپ اپنی ذمہ داری سے بھاگ نہیں سکتے۔ آپ کو عوام کی تکلیف سننی پڑے گی۔‘‘
پرینکا گاندھی نے اپنے ٹوئٹ کے ساتھ ایک ویڈیو بھی شیئر کی ہے جس میں عام لوگ اپنی روزمرہ کی تکالیف بیان کر رہے ہیں۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ سرسوں کا تیل، ایل پی جی سلنڈر، ڈیزل پٹرول حتیٰ کہ ضرورت کی ہر چیز مہنگی ہو رہی ہے اور روزگار ختم ہو رہے ہیں۔
اُدھر، دہلی کے رام لیلا میدان پر مہنگائی اور بے روزگاری کے خلاف کانگریس کی ہلہ بول ریلی جاری تھی۔ جہاں پارٹی کارکنان حکومت کی پالیسیوں کے خلاف احتجاج کر رہے تھے۔ پورا میدان لوگوں سے بھرا ہوا تھا۔ کئی نوجوان پکوڑتے تلتے ہوئے بھی نظر آئے جو پکوڑے تل کر مودی حکومت کے خلاف اپنا احتجاج درج کررہے تھے۔